اپنے مرکز سے اگر دور نکل جاؤ گے(اقبال عظیم)

غزل

اقبال عظیم

اپنے مرکز سے اگر دور نکل جاؤ گے

خواب ہو جاؤ گے، افسانوں میں ڈھل جاؤ گے

اب تو چہروں کے خد و خال بھی پہلے سے نہیں

کس کو معلوم تھا تم اتنے بدل جاؤ گے

اپنے پرچم کا کہیں رنگ بھلا مت دینا

سرخ شعلوں سے جو کھیلو گے تو جل جاؤ گے

دے رہے ہیں تمہیں جو لوگ رفاقت کا فریب

ان کی تاریخ پڑھو گے تو دہل جاؤ گے

اپنی مٹی ہی پہ چلنے کا سلیقہ سیکھو

سنگ مرمر پہ چلو گے تو پھسل جاؤ گے

خواب گاہوں سے نکلتے ہوئے ڈرتے کیوں ہو

دھوپ اتنی تو نہیں ہے کہ پگھل جاؤ گے

تیز قدموں سے چلو اور تصادم سے بچو

بھیڑ میں سست چلو گے تو کچل جاؤ گے

ہم سفر ڈھونڈو نہ رہبر کا سہارا چاہو

ٹھوکریں کھاؤ گے تو خود ہی سنبھل جاؤ گے

تم ہو اک زندۂ جاوید روایت کے چراغ

تم کوئی شام کا سورج ہو کہ ڈھل جاؤ گے؟!

صبح صادق مجھے مطلوب ہے کس سے مانگوں

تم تو بھولے ہو، چراغوں سے بہل جاؤ گے

13 پسندیدگیاں

بہت خوب!

اس مصرعے کے آخر میں ؟! لکھ دیجیے۔
تم کوئی شام کا سورج ہو کہ ڈھل جاؤ گے؟!

3 پسندیدگیاں

بہت خوب

سدا بہار غزل ہے۔

3 پسندیدگیاں

کس سے کہوں

درست ہے

4 پسندیدگیاں

“کس سے کہوں” سے مصرع وزن سے خارج ہو جاتا ہے۔

4 پسندیدگیاں

میں نے یہ مصرع ایسے پڑھا تھا ۔

صبح صادق مجھے مطلوب ہے میں کس سے کہوں

5 پسندیدگیاں

لگتا ہے یہاں زندہ و جاوید ہو گا ۔بجائے زندہء جاوید

2 پسندیدگیاں

یہ «زندۂ جاوید» ہی ہے، یعنی «ہمیشہ کے لیے زندہ»۔

توڑ ڈالیں جس کی تکبیریں طلسمِ شش جہات
ہو نہ روشن اُس خدا اندیش کی تاریک رات
ابن مریم مر گیا یا زندۂ جاوید ہے
ہیں صفاتِ ذاتِ حق، حق سے جُدا یا عینِ ذات؟
آنے والے سے مسیحِ ناصری مقصود ہے
یا مجدّد، جس میں ہوں فرزندِ مریم کے صفات؟
ہیں کلامُ اللہ کے الفاظ حادث یا قدیم
اُمّتِ مرحوم کی ہے کس عقیدے میں نجات؟
کیا مسلماں کے لیے کافی نہیں اس دَور میں
یہ الٰہیات کے ترشے ہُوئے لات و منات؟
(اقبال)

به تیغِ هجر بکشتی مرا و برگشتی
بیا و زندهٔ جاوید کن دگربارم
(سعدی)

جان که فرو شد به عشق زندهٔ جاوید گشت
دل که بدانست حال ماتمِ جان در‌گرفت
(عطار)

شوق اگر زندهٔ جاوید نباشد عجب است
که حدیثِ تو درین یک دو نفس نتوان گفت
(اقبال)

5 پسندیدگیاں

احمد بھائی ، کہوں تو ممکن نہیں ہے ۔ مصرع وزن سے خارج ہوجاتاہے ۔ لکھنے کے بعد دیکھا کہ اربش علی نے پہلے ہی تبصرہ کردیا ہے ۔

2 پسندیدگیاں

ہُن میں فیر ترمیم کراں؟

:smiley:اب میں پھر سے ترمیم کروں؟):smiley:

ہمارا مصرع اس طرح سے تھا۔ :grinning_face_with_smiling_eyes:

@ظہیراحمد

3 پسندیدگیاں

عمدہ انتخاب ۔۔۔۔

سلامت رہئیے۔

1 پسند

یہ تو معلوم نہیں شاعر نے کیسے لکھا لیکن مجھے یہ والا انداز ذیادہ شاعرانہ سلاست اور روانگی لئے محسوس ہو رہا ہے

2 پسندیدگیاں