اردو ناولز میں منظر نگاری (اقتباسات)

ناول : نوحہ گر

مصنفہ: نسترن احسن فتیحی

ربط: نوحہ گر ۔۔۔ نسترن احسن فتیحی – مفت برقی کتابیں۔۔۔-نسترن-احسن-فتیحی/

اقتباس

جیپ کی رفتار کے ساتھ دن کی روشنی بھی پیچھے چھوٹتی گئی۔ کبھی کبھی جیپ کوئی خطرناک موڑ کاٹتی۔۔۔ پٹھار کی ترائی میں پلاس کے سرخ پھولوں پر سورج غروب ہو رہا تھا۔۔۔ شفق جیسے زمین پر اتر آئی تھی۔۔۔۔ گزرتے ہوئے منظر میں تھکی ہوئی پہاڑی ندیاں کبھی کبھی ابھر آتیں۔۔۔ جیسے پتھروں پر اپنا وجود گھسیٹتے گھسیٹتے تھک گئی ہوں۔۔۔ گرمی سے پہلے ہی گرمی کا احساس انہیں مار چکا تھا۔۔ مگر یہ کب اپنا رخ بدل کر پتھروں کو اپنے وجود سے ریزہ ریزہ کر دیں گی یہ کوئی نہیں جانتا تھا۔ ان کی سبک روی میں ایک اندیکھا طوفان پنہاں تھا۔۔ اپنی منزلوں کی طرف جاتے مسافروں کی آنکھوں میں پلاس کے پھولوں کی سرخی اتر کر شفق میں ڈھل گئی تھی۔ مستقبل کے خوش آئند خیال اور خواب کے خوشنما رنگ نہ جانے کیوں، پیچھے چھوٹ جانے والے سنہرے دنوں کے رنگوں کی کسک کے ساتھ مل کر ڈوبتے سورج کی اداسی میں شامل ہو گئے تھے۔ راحت کو لگا کبھی کبھی یہ آنکھیں حال میں موجود ہوتے ہوئے بھی اپنے ان حالات کو دیکھنے سے قاصر ہوتی ہیں جن میں وہ زندہ رہتی ہیں۔ کیونکہ حال، ماضی اور مستقبل کو الگ کر کے دیکھنے کی کوشش ہم سے وہ بصیرت چھین لیتی ہے .جس سے حالات اور معاشرے کی الجھی گتھیوں کو سلجھایا جا سکے.. اور المیہ یہ ہے کہ ہم اپنی اس کمی سے واقف ہی نہیں ہوتے۔

جیپ اب سیدھی اور چکنی سڑک پر آ گئی تھی۔۔۔ جس میں دور تک جاتا ہوا راستہ اسٹریٹ لائیٹ میں صاف نظر آ رہا تھا۔

4 پسندیدگیاں

بہت خوب!!!

1 پسند

نوحہ گر

پن چکّی کی دھیمی دھیمی آواز گاؤں کی پر سکون فضا میں گھل مل کر زندگی کی روانی کا جانگسل احساس دلوں میں گذار کرتی ہے۔ گرمی میں ابھی تیزی نہیں آئی تھی، مگر دو پہر کی گرم ہوا، چاروں طرف پھیلا سنّاٹا اور پن چکّی کی آواز آپس میں ایسے گھل مل گئے تھے جیسے ان کا وجود الگ الگ سمجھنا ممکن نہ ہو۔

اس بار گیہوں کی فصل اچھی ہوئی۔ دن گزرنے کے ساتھ، گیہوں کا یہ کھیت پکنے کے قریب آ گیا۔ اب فصل کے لئے کسی قسم کا خطرہ باقی نہیں رہا تھا۔ بارش کی اب چنداں ضرورت نہیں تھی، نہ ہی سنچائی کے لئے کھیتوں پر لگی ہوئی بورنگ چلانے کی ضرورت تھی۔ اس وسیع اور عظیم الشان آسمان کے سائے میں گیہوں کی ننھی بالیں بھرتی جا رہی تھیں۔ اور گیہوں کے دودھیا دانے پھول پھول کر موٹے ہو رہے تھے۔ بالوں کے ایک سرے سے دوسرے سرے تک تمام خانے بھرتے جا رہے تھے۔ اور آس پاس کے دوسرے خانوں کے لئے روز بروز جگہ کم ہوتی جا رہی تھی۔

مہتو سرشار سا کھیت پر پہنچا۔ اُس کے بیوی بچّے سب وہاں پر پہلے سے موجود تھے اور پلانی کے نیچے جمع تھے۔ مہتو نے سب سے پہلے بانس کاٹ کر پھٹّیاں تیار کیں اسے بھونسا اور غلہ رکھنے کے لئے کوٹھی تیار کرنی تھی، اپنے لئے بھی اور اپنے مالک ناظر بابو کے لئے بھی۔ ساتھ ہی اسے اپنی جھونپڑی کی مخدوش حالت کا خیال بھی ستا رہا تھا جس کی دیوار اور چھت بدلنی تھی۔ اس کا پورا خاندان اس کام میں اس کی مدد کے لئے کھڑا تھا، اُس کی بیوی نے گورکا کی مدد سے اُن پھٹّیوں کا جال سا تیار کر لیا۔ پھر اس بانس کی ٹٹّی پر کھر اور ایکڑی ڈال کر اُسے جگہ جگہ تار سے باندھ دیا گیا۔ دھیرے دھیرے کوٹھی کے لئے ان ٹٹّیوں کی دیوار گولائی میں بن کر تیار کر دی گئی، دوسری طرف جھونپڑی کے لئے ایکڑی کا چھپر بن کر تیار تھا۔ کوٹھی کے لئے چھپّر بنانے کا ابھی وقت تھا اور کئی دن یہ محنت کرنی تھی۔ کیونکہ فصل کوٹھیوں میں بھرنے کے بعد ہی چھپر اس پر چڑھانا تھا۔ مگر جھونپڑی کی چھت بن چکی تھی اب اسے اٹھا کر گھر تک لے جانے کا کام رہ گیا تھا۔ سارے دن کی اس محنت کے ساتھ یہ کھیتوں پر بھری دو پہر میں رک کر اپنے فصلوں کی پہریداری کر رہے تھے۔

نوحہ گر

آج کل صرف مہتو اور اس کا خاندان ہی نہیں بلکہ دوسرے کِسان بھی بڑے مسرور نظر آتے تھے۔ گیہوں کے ہرے بھرے کھیت ایکڑ در ایکڑ لہلہا رہے تھے۔ اور اُس کی بالیں ایک پورے قد کے آدمی کے سینے تک آ رہی تھیں۔ کئی سالوں بعد اس بار گیہوں کی بڑی عمدہ فصل ہوئی تھی۔ کِسان اپنے پورے کنبے کے ساتھ سارا دن کھیتوں پر رہتے۔ رات میں کھیتوں پر بنائی گئی پلانی (جھگی) یا مچان پر ڈیرا ڈالتے اور عورتوں، بچوں کو گھر بھیج دیتے۔ صبح نو بجتے بجتے عورتیں دن کا کھانا بنا کر ساتھ باندھ لاتیں۔ اور سارا دن کھیت سے موتھا ( جنگلی یا خود رو پودے اور گھاس) چنتیں۔ ان کے لیے موتھا چننے کا یہ کام بہت محنت طلب اور ضروری تھا۔ کیونکہ ان جنگلی گھاس کی باڑھ اتنی تیز ہوتی تھی کہ یہ فصل کی نشو و نما پر بہت خراب اثر ڈال دیتی تھی۔ بچّے بھی کھیت سے سیکنڈ بھر اِدھر اُدھر جانا نہ چاہتے۔ سارے دن کی انتھک محنت کے بعد مہتو اور اُس کی بیوی پلانی میں کھٹیا پر کمر سیدھی کرنے بیٹھ جاتے۔ بچّوں کو گھر بھیج دیتے کیونکہ گھر پر پیچھے صرف دلاری رہ جایا کرتی تھی۔ بچّے دادی کے پاس چلے جاتے۔ یہ وقت ان کے لئے بڑا خوبصورت ہوتا۔ جیسے جلتی تپتی دوپہر میں اچانک وہ کسی سائبان کے نیچے آ گئے ہوں۔ ان کے نزدیک کھیتوں پر کی جانے والی روز مرّہ کی ان تھک محنت محض ایک دل بہلاوے کی حیثیت رکھتا تھا۔ جس کے اندر ایک مستقبل پوشیدہ ہوتا ہے۔ ایک ایسا مستقبل جو ان کے لئے حال کے مقابلے میں حقیقت سے زیادہ قریب تھا۔

غّلے سے بھری کوٹھیاں۔ دونوں وقت کی روٹی کے ساتھ دال اور سبزی بچّوں کے تن پر نئے کپڑے۔۔۔۔ ایک نئی گائے اور قرض سے نجات۔۔۔۔ بڑے خوش آئند خیالات جن پر سے پریشانی اور مفلسی کی دھند چھٹتی ہوئی سی لگتی۔

مہتو نے کھٹیا پر بیٹھے بیٹھے بیڑی نکالی اور ایک اطمینان کی نگاہ کھیت پر ڈال کر اسے سلگایا۔ پھر دھیرے دھیرے کش لیتے ہوئے اسے لگا کہ اس کے دل میں سکون ہی سکون اتر آیا ہے۔۔ اس کا نو ماہ کا بچہ ایک پرانے کپڑے میں لپٹا ماں کی گود میں بے خبر سو رہا تھا، مہتو کی بیوی اُتری ہوئی شام کے دھندلکے میں ایک ہاتھ پر اپنے گال ٹکائے کھیت کی طرف دیکھ رہی تھی اور گیہوں کے لا تعداد بالیوں سے بر آمد ہونے والی سرسراہٹ کی آواز کو خاموشی کے ساتھ سُن رہی تھی۔ اس کی نگاہیں جھکولے کھاتی ہوئی بے شمار بالیوں پر سے گزرنے والے ہلکے اور گہرے سبز رنگ کے ہلکوروں پر جمی تھیں۔ مہتو نے مسرور نظروں سے بیوی کی طرف دیکھا۔ یہ خوشی اس فنکار کی خوشی سے ملتی جلتی خوشی تھی جو اپنی کسی تخلیق کو اپنی نظر میں لازوال پاتا ہے یا اس ماں کے جیسی خوشی جب اس کا بچہ اسے دنیا کی سب سے حسین نعمت لگتا ہے۔ اسے لگا کہ وہ دنیا کا ایک خوش قسمت ترین مرد ہے جو خود پر منحصر افراد کی ضروریات اور خوشیوں کو پورا کرنے کا اہل ہے۔

بہت خوشگوار ہوا چل رہی تھی، دن کی گرمی کی شدّت اور تپش سورج کے غروب ہونے کے ساتھ ساتھ ختم ہو چکی تھی۔ مہتو کو اندازہ نہ تھا کہ اس کی بیوی مستقبل کے خوش آئند خیالات کے ساتھ ایک خوف بھی محسوس کر رہی ہے۔ ایک ایسا اندیشہ … جیسے کوئی انہونی … کوئی کالی نظر اُن کی خوشیوں کو نگل نہ جائے۔